سوات:خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی وادیِ کالام میں اہلِ کالام اور اہلِ اتروڑ کے مابین جاری خوں ریز جنگ میں جرگہ کی کوششوں سے فائر بندی ہوگئی۔ دونوں اقوام نے مورچے خالی کر دئیے۔ گذشتہ روز اس جنگ میں پانچ افراد جاں بحق اور چودہ زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق علاقہ میں پولیس اور فوج تعینات ہے۔ گرینڈ جرگہ کی کوششوں کے بعد لاشوں کو اقوام کے حوالے کردیا گیا۔ دونوں قوموں نے پہاڑوں پر مورچے خالی کر دئیے اور اتوار کو مکمل فائر بندی رہی۔ جرگہ کی کوششوں کے بعد اتروڑ کے 6 اور کالام کے 16 مغویوں کو رہا کردیا گیا۔ اتوار کو کالام بازار کھلا رہا۔ علاقہ میں امن و امان کی فضا تھی۔ لویہ جرگہ کالام میں کامیاب مذکرات کے بعد اتروڑ روانہ ہوگیا ہے۔ وادی کی تمام سڑکوں کو لویہ جرگہ کے حکم پر کھول دیا گیا ہے۔