مینگورہ شہر و گردونواح میں کم وزن روٹی کی زائد نرخوں پر فروخت جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ناجائز منافع خور تندور و ہوٹل مالکان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا شہریوں نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلع بھر کی 7 تحصیلوں میں تندور اور ہوٹل مالکان نے روٹی کے من مانے نرخ مقرر کرکے مہنگے داموں روٹی کی فروخت شروع کر رکھی ہے، روٹی اور نان کے مقررہ وزن 100 گرام کی بجائے 80 گرام اور روٹی کی قیمت 20، اسی طرح روغنی اور پراٹھا کی قیمت بھی 20 روپے وصول کی جارہی ہے، ضلعی انتظامیہ بااثر تندور و ہوٹل مالکان کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے 100 گرام روٹی، پراٹھا اور روغنی کی قیمت 10روپے مقرر کر رکھی ہے لیکن شہر سمیت ضلع بھر میں تندور و ہوٹل مالکان من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے سرکاری طور پر نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے باوجود روٹی کی قیمتوں میں اضافہ جاری رکھا ہوا شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں اور ان کی سرپرستی کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔