آل ایمپلائز محکمہ معدنیات سوات نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ محمد ہمایون، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل نجم الدین، انسپکٹر شیراز خان، انسپکٹر اقبال خان اور دیگر نے کہا کہ گذشتہ روز صوابی میں پیش آنے والے واقعہ کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز صوابی محکمہئ معدنیات کا فیلڈ سٹاف معمول کے ڈیوٹی پر موجودتھا کہ جس دوران غیر قانونی ریت سے بھرے ہوئے ڈمپر وہاں سے گزر رہے تھے، تو موجودہ آفیسر اور اہلکاروں نے ان کو روکنے کے لئے اشارہ کیا۔ ڈمپر ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے محکمہ معدنیات کے سٹا پ پر چڑھا دی اور وہاں سے بھاگ گئے۔ اس میں منرل گارڈ ایاز شہید جبکہ انسپکٹر اور ایک منرل گارڈ شدید زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہئ معدنیات کے ساتھ اس طرح کے ڈھیر سارے واقعات پیش آئے ہیں۔ ان کیساتھ کوئی سیکورٹی نہیں ہوتی تاکہ وہ اسی طرح غیر قانونی کام کو روکنے میں بھر وقت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ منرل گارڈ محمد ایاز شہید کے قاتلوں کوسخت سے سخت سزا دی جائے اور ان پر ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیں۔