کوہستان سکینڈل میں گرفتار رادی اللہ اور ظہور جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اپر کوہستان سکینڈل میں گرفتار ملزمان رادی اللہ اور ظہور کو عدالت میں پیش کیا گیا، دونوں ملزمان کو احتساب جج حامد مغل کے سامنے پیش کیا گیا، اس موقع پر عدالت نے سینیئر آڈیٹر رادی اللہ کو مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر جبکہ ان کے ساتھی ملزم ظہور کو نو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے تحویل میں دے دیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم رادی اللہ اکاؤنٹ جنرل آفس میں سینیٹر آڈیٹر ہے، جبکہ ملزم ظہور نیشنل بینک داسو برانچ میں منیجر ہے، ملزمان اپر کوہستان سکینڈل میں ملوث ہیں، جبکہ نیب اپر کوہستان سکینڈل کی تحقیقات کر رہی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق سکینڈل میں چالیس ارب روپے سے زائد رقم قومی خزانے سے ترقیاتی سکیموں کے نام پر نکالی گئی ہے، اس سلسلے میں ملزمان سے تفتیش جاری ہے لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے تفتیش کے لیے رادی اللہ کو چار جبکہ ظہور کو نو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔