سوات(مارننگ پوسٹ)پرائیویٹ سکولز ریگو لیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا نے تعلیمی سیشن 2018-19 کیلئے صوبے کے تمام نجی تعلیمی اداروں (مینٹسوری ، کنڈر گارٹن ، پرائمری ، مڈل، ہائی ، ہائیر سیکنڈری اور دیگر مساوی تعلیمی اداروں )کی جانب سے رجسٹریشن کرانے کیلئے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ تمام نجی تعلیمی ادارے شیڈول کے مطابق اپنی رجسٹریشن کرائیں کیونکہ اس مدت میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی اتھارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے دوسرے ترمیمی نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تمام نجی تعلیمی اداروں کے قیام ، تجدید اور درجہ بندی (اپگریڈیشن ) کیلئے مجوزہ رجسٹریشن فارم اتھارٹی کی ویب سائٹwww.psra.gkp.pk سے حاصل کئے جا سکتے ہیں جبکہ رجسٹریشن فیس کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر موجود ہیں نوٹیفیکیشن کے مطابق مقررہ نارمل فیس کے ساتھ رجسٹریشن ، تجدید اوراپگریڈیشن کیلئے مقررہ فارم 17 دسمبر 2018 تک جمع کرائے جا سکتے ہیں جبکہ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد کل واجب الادافیس کے 50 فیصد لیٹ فیس کے ساتھ 27 دسمبر 2018 تک ، ڈبل لیٹ فیس کے ساتھ 07 جنوری 2019 تک اور تین گنا لیٹ فیس کے ساتھ 17 جنوری 2019تک رجسٹریشن فارم جمع کرائے جا سکتے ہیں اتھارٹی کے ویب سائٹ سے استفادہ کا طریقہ کار بھی جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں درج کیا گیا ہے رجسٹریشن فارم جمع کرانے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ تعلیمی ادارے کے قیام ، تجدید اور اپگریڈیشن کا حکم نامہ جاری کیا جائے گا اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی درخواست پر رجسٹریشن کے عمل پر دو دفعہ نظر ثانی کی گئی ہے جس میں اب مزید تاخیر نہیں کی جائے گی نئے نوٹیفیکیشن میں دی گئی ڈیڈ لائن حتمی ہے جس میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب تعلیمی اداروں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔
سوات تمام نجی تعلیمی ادارے اور دیگر مساوی تعلیمی ادارے 17 دسمبر 2018 تک اپنی رجسٹریشن کرائیں ،
