سوات(مارننگ پوسٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ ماضی کے کرپٹ حکمرانوں سے مایوس عوام نے عمران خان کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے کیونکہ ماضی کے بد عنوان سسٹم میں انصاف کا حصول مشکل تھااور عوام اپنے حقوق کیلئے غیریقینی کی کیفیت کا شکار تھے ۔چوری کا کلچر جڑیں پکڑ چکا تھا ، پی ٹی آئی کی عوام دوست پالیسیوں ، نظام میں اصلاحات اور کاوشوںسے آج عوام کو حقوق اور انصاف ملنے لگا ہے اور عوام مطمئن ہیں۔کل کے چور آج عوامی فلاح میں ہمارے اقدامات اور ہماری قیادت کے اخلاص پر نقطہ چینی کر تے نظر آتے ہیں اور اپنا داغ دار ماضی بھول چکے ہیں۔ مراعات یافتہ طبقہ اپنے مستقبل سے پریشان ہے کیونکہ یہ بھی جان چکا ہے کہ مستقبل پی ٹی آئی کا ہے کیونکہ پی ٹی آئی عام لوگوں کی نمائندہ جماعت ہے ۔اس کی عوامی مقبولیت اور کامیابی کی وجہ بھی یہی ہے کہ عام آدمی کی خوشحالی اس کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے ۔ پی ٹی آئی کی والہانہ قیادت ، اس کے کارکنان خصوصاً نوجوانوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں تبدیلی کے عملی دور سے گزر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ضلع سوات سے عوامی نیشنل پارٹی کے معروف رہنما نثار خان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر موجود جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نثار خان نے عوامی نیشنل پارٹی کی تقریباً 50 سالہ دیرینہ رفاقت سے مستعفی ہوکر اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے نثار خان اور انکے خاندان اور دوستوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور اُن کو مبارکباد دی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یقینا یہ فیصلہ اچھا ثابت ہو گا ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج لوگ جو ق درجوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیںکیونکہ یہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی ہی واحد جماعت ہے جو ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف کھڑی ہے۔آج عوام مطمئن ہیں کیونکہ اُنہیں اپنا مستقبل محفوظ نظر آنے لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ اور سوات سمیت صوبے کے پسماندہ اضلاع کو خصوصی توجہ دیں گے اور اُن کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ۔ہم مربوط کاوشوں اور حکمت عملی کے ذریعے آج کے سخت حالات سے نکل جائیں گے اور آنے والا وقت دیر پا خوشحالی لے کر آئے گا۔