سوات(مارننگ پوسٹ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن سوات کا تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کیخلاف اجلاس واحتجاجی مظاہرہ،حکومت سے تنخواہوں میں پچاس فیصداضافے کا مطالبہ،فوری طورپر مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں 27اور28جولائی کو اسلام آباد میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے اور دفاتر سے کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان،اس سلسلے میں گذشتہ روز پبلک ہیلتھ آفس میں کلرکس ایسوسی ایشن کا اجلاس زیر صدارت علی رحمان منعقدہوا جس سے سینئر نائب صدرملک فضل سبحان اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ بجٹ میں حکومت نے تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کرکے ملازمین کا مذاق اڑایا ہے اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف بھی نہیں،انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری اداروں میں کام کرنے والوں کی اجرت میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے منہ پھیر رہی ہے جس کے سبب کرپشن اور دیگر مسائل پیداہونے کا خدشہ ہے،انہوں نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن فری زون ہونے باوجود بھی ہماری تنخواہوں سے ٹیکس کی کٹوتی کی جاتی ہے جو سمجھ سے بالاترہونے کے ساتھ ساتھ غریب ملازمین کے ساتھ زیادتی بھی ہے،اس موقع پر انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر ان کے جائز مطالبات حل نہیں ہوئے تو وہ 27اور28جولائی کو اسلام آباد میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے پر مجبورہوجائیں گے جبکہ دفاتر سے کام چھوڑ ہڑتال کی جائے گی۔